ہم آپ کو جماعت رضائے مصطفےٰ پاکستان کی ویب سائٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔

Tuesday 31 July 2012

RAMZAN NO 4


                 فضائل رمضان المبارک  (قسط نمبر4)  

حدیث٦: حضرت سید نا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا'' اگر کسی نے ایک دن نفل روزہ رکھا اور زمین بھر اُسے سونا دیا جائے جب بھی اس کا ثواب پورا نہ ہو گا ۔ اس کا ثواب تو قیامت ہی کے دن ملے گا''۔
( ابویعلی و طبرانی )
حدیث
٧: حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا'' ہر شے کیلئے زکوٰۃ ہے اور بدن کی زکوٰۃ روزہ ہے اور روزہ نصف صبر ہے''۔(ابن ماجہ)
حدیث
٨: حضرت سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا جو بندہ اللہ کی راہ میں ایک دن روزہ رکھے' اللہ تعالیٰ اُس کے منہ کو دوزخ سے ستر برس کی راہ دور فرما دے گا۔
اور اسی کی مثل نسائی و ترمذی و ابن ماجہ میں حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے اور طبرانی میں حضرت سیدناابودرداء اور ترمذی میں حضرت سیدناابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشادمبارکہ ہے کہ'' اس(روزہ دار) کے اور جہنم کے درمیان اللہ تعالیٰ اتنی بڑی خندق کر دے گا جتنا آسمان و زمین کے درمیان فاصلہ ہے اور طبرانی کی روایت میں حضرت سیدنا عمر و بن عبسہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ دوزخ اس سے سو برس کی راہ دور ہو گی ۔اور ابویعلی کی روایت میں حضرت سید نا معاذ بن انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رمضان میں اللہ کی راہ میں روزہ رکھا تو تیز گھوڑے کی رفتار سے سو برس کی مسافت پر جہنم سے دور ہو گا۔
(بخاری و مسلم و ترمذی و نسائی)
حدیث
٩: حضرت سید نا عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ'' رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں روزہ دار کی دُعا افطار کے وقت ردّ نہیں کی جاتی''(بیہقی)
حدیث
١٠: حضرت سیدناابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں'' جس نے رمضان کا روزہ رکھا اور اُس کی حدود کو پہچانا اور جس چیز سے بچنا چاہیے اُس سے بچا تو جو پہلے کر چکا ہے اُس کا کفارہ ہو گیا''۔(ابن حبان و بیہقی)
حدیث
١١:حضرت سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایتہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں جس نے مکہ میں ماہ رمضان پایا اور روزہ رکھا اور رات میں جتنا میسر آیا قیام کیا تو اللہ تعالیٰ اُس کو اور جگہ کے مقابلے میں ایک لاکھ رمضان کا ثواب دے گا اور ہر دن ایک گردن آزاد کرنے کا ثواب اور ہر رات ایک گردن آزاد کرنے کا ثواب اور ہر روز گھوڑے پر سوار کر جہادکرنے کا ثواب اور ہر دن میں حسنہ اور ہر رات میں حسنہ لکھے گا۔( ابن ماجہ)
حدیث
١٢: حضرت سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں میری اُمت کو ماہ رمضان میں پانچ باتیں دی گئیں کہ مجھ سے پہلے کسی نبی (کی اُمت کو) کو نہ ملیں۔
اوّل: یہ کہ جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے اللہ عزوجل ان کی طرف نظر فرماتا ہے اور جس کی طرف نظر فرمائے گا اُسے کبھی عذاب نہ کرے گا ۔
دوسری یہ کہ شام کے وقت اُن کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ اچھی ہے۔
تیسری یہ کہ ہر دن اور رات میں فرشتے ان کیلئے استغفار کرتے ہیں۔
چوتھی یہ کہ اللہ عزوجل جنت کو حکم فرماتا ہے کہتا ہے مستعد ہو جا اور میرے بندوں کیلئے مزین ہو جا قریب ہے کہ دنیا کی تعب (سختی' مشقت) سے یہاں آ کر آرام کریں۔
پانچویں یہ کہ جب آخر رات ہوتی ہے تو ان سب کی مغفر ت فرما دیتا ہے ۔ کسی نے عرض کی کیا وہ شب قدر ہے فرمایا نہیں کیا تو نہیں دیکھتا کہ کام کرنے والے کام کرتے ہیں' جب کام سے فارغ ہوتے ہیں اُس وقت مزدوری پاتے ہیں۔ (بیہقی شریف) باقی آئندہ انشاء اللہ ۔

0 comments:

Post a Comment

Blogger Widgets
Blogger Widgets