ہم آپ کو جماعت رضائے مصطفےٰ پاکستان کی ویب سائٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں ۔

Sunday 12 August 2012

RAMZAN 7

       فضائل رمضان المبارک   (قسط نمبر7)   

سحری و افطاری کی فضیلت کابیان:
    حدیث ١: حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا سحری کھاؤ کہ سحری کھانے میں برکت ہے۔ (بخاری و مسلم و ترمذی و ابن ماجہ)
حدیث
٢: حضرت سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں فرق سحری کا لقمہ ہے ۔( مسلم و ابوداؤد و ترمذی و نسائی و ابن خزیمہ)
حدیث٣: حضرت سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا تین چیزوں میں برکت ہے جماعت اور ثرید اور سحری میں۔( طبرانی کبیر)
حدیث
٤: حضرت سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا کہ اللہ اور اس کے فرشتے سحری کھانے والوں پر درود بھیجتے ہیں۔(طبرانی اوسط ۔ صحیح ابن حبان )
حدیث ٥: حضرت سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا سحری کھانے سے دن کے روزہ پر استعانت کرو اور قیلولہ سے رات کے قیام پر ۔( ابن ماجہ و ابن خزیمہ و بیہقی )
حدیث
٦: ایک صحابی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سحری تناول فرما رہے تھے۔آپ نے ارشاد فرمایا یہ برکت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمہیں دی تو اسے نہ چھوڑنا۔( نسائی باسناد حسن)
حدیث ٧: حضرت سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا تین شخصوں پر کھانے میں انشاء اللہ حساب نہیں جبکہ حلال کھایا' روزہ دار اور سحری کھانے والا اور سرحد پر گھوڑا باندھنے والا۔(طبرانی کبیر)
حدیث ٨ : امام احمد ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے ر وایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا سحری کُل کی کُل برکت ہے ' اسے نہ چھوڑنا اگرچہ ایک گھونٹ پانی ہی پی لے کیونکہ سحری کھانے والوں پر اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں ۔ نیزحضرت عبدا للہ بن عمرو ' سائب بن یزید و ابوہریرہ رضی اللہ عنہم سے بھی اسی قسم کی روایتیں آئیں۔
سحری کھایا کرو کیونکہ سحر ی میں برکت ہے ۔ (صحیح بخاری جلد١، ص ٦٣٣)
حدیث
٩:اللہ عزوجل اور اُس کے فرشتے سحری کھانے والوں پر رحمت نازل فرماتے ہیں۔ 
(صحیح ابن حبان جلد٥، ص ١٩٤)
حدیث
١٠:نبی کریم ' رؤف الرحیم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اپنے ساتھ جب کسی صحابی رضی اللہ عنہ کو سحری کھانے کیلئے بلاتے تو ارشاد فرماتے ''آؤ برکت کا کھانا کھا لو''۔(سنن ابوداؤد جلد٢، ص ٤٤٢) 
کیا روزے کیلئے سحری شرط ہے؟
کسی کو یہ غلط فہمی نہ ہو کہ سحری روزہ کیلئے شرط ہے ۔ ایسا نہیں سحری کے بغیر بھی روزہ ہو جاتا ہے مگر جا ن بوجھ کر سحری نہ کرنا مناسب نہیں کہ ایک عظیم سنت سے محرومی ہے اور یہ بھی یاد رہے کہ سحری میں خوب ڈٹ کر کھانا ضروری نہیں ۔ چند کھجوریں اور پانی اگر بہ نیت سحری استعمال کر لیں تو بھی کافی ہے بلکہ کھجور اور پانی سے سحری کرنا سنت ہے۔
کھجور اور پانی سے سحری کرنا سنت ہے :
حدیث ١١:حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ تاجدار مدینہ، سرور قلب و سینہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سحری کے وقت مجھ سے فرماتے ''میرا روزہ رکھنے کا ارادہ ہے مجھے کچھ کھلاؤ' تو میں کچھ کھجوریں اور ایک برتن میں پانی پیش کرتا''۔ (السنن الکبریٰ للنسائی جلد٢، ص ٨٠)
 کھجور بہترین سحری ہے:
حدیث ١٢:حضرت سیدنا سائب بن یزید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اللہ تعالیٰ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا ''نعم السحور التمر''۔ یعنی کھجور بہترین سحری ہے۔(الترغیب والترہیب جلد٢، ص ٩٠)
اذان فجر نماز کیلئے ہے روزہ بند کرنے کیلئے نہیں:
سحری میں تاخیر کرنے والے حضرات کی خصوصی توجہ کیلئے:
سحری میں اتنی تاخیر نہ کر یں کہ صبح صادق کا شک ہونے لگے۔ بلکہ بعض لوگ تو صبح صادق کے بعد فجر کی اذان شروع ہونے کے بعد بھی کھاتے پیتے رہتے ہیں اور کان لگا کر سنتے ہیں کہ ابھی فلاں مسجد کی اذان ختم نہیں ہوئی یا وہ سنو! دور سے اذان کی آواز آ رہی ہے اور یوں کچھ نہ کچھ کھا لیتے ہیں ۔ اس طرح اذان کے آخر تک کھاتے پیتے رہنے سے ان کا روزہ ہوتا ہی نہیں اور سارا دن بھوک پیاس کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا ۔
''روزہ بند'' کرنے کا تعلق اذان فجر سے نہیں' صبح صادق سے پہلے پہلے کھانا پینا بند کرنا ضروری ہے۔جب مسجد میں اعلان ہو کہ سحری کا وقت ختم ہو گیا ہے یا سائرن کی آواز آجائے تو فوراً کھانا پینا بند کر دیجئے ۔ اذان کا ہر گز انتظار نہ فرمائیے ' اذان سحری کا وقت ختم ہو جانے کے بعد نماز فجر کیلئے دی جاتی ہے ''۔
 
افطار کیلئے اذان شر ط نہیں:
افطار کیلئے اذان شرط نہیں ورنہ اُن علاقوں میں روزہ کیسے کھلے گا جہاں مساجد ہی نہیں یا اذان کی آواز نہیں آتی۔ بہرحال مغرب کی اذان نماز مغرب کیلئے ہوتی ہے ۔ جہاں مساجد ہوں وہاں اس طرح اعلان کر دیا جاتا ہے۔
     
''افطاری کا وقت ہو گیا ہے روزہ افطار کر لیجئے''
فضا ئل ا فطا ری :
حدیث ١٣:حضرت سیدناابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں اللہ عزوجل نے فرمایا میرے بندوں میں مجھے زیادہ پیارا وہ ہے جو افطار میں جلدی کرتا ہے۔( احمد و ترمذی و ابن خزیمہ و ابن حبان )
حدیث ١٤: طبرانی اوسط میں یعلی بن مرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ فرمایا تین چیزوں کو اللہ محبوب رکھتا ہے ۔ افطار میں جلدی کرنا اور سحری میں تاخیر کرنا اور نماز میں ہاتھ پر ہاتھ رکھنا۔
حدیث
١٥:حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں یہ دین ہمیشہ غالب رہے گا جب تک لوگ افطار میں جلدی کرتے رہیں گے کہ یہود و نصاریٰ تاخیر کرتے ہیں۔(ابوداؤد و ابن خزیمہ و ابن حبان)
حدیث ١٦:حضرت سیدنا سلمان بن عامر رضی اللہ عنہ سے راویت ہے کہ حضور اقدس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں جب تم میں کوئی روزہ افطار کرے تو کھجور یا چھوہارے سے افطار کرے کہ وہ برکت ہے اور اگر نہ ملے تو پانی سے کہ وہ پاک کرنے والا ہے۔(امام احمد وداؤد و ترمذی و ابن ماجہ و دارمی)
حدیث
١٧:حضرت سیدناانس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نماز سے پہلے ترکھجوروں سے روزہ افطار فرماتے' تر کھجوریں نہ ہوتیں تو چند خشک کھجوریں لے کر اور اگر یہ بھی نہ ہوتیں تو چلو پانی پیتے ۔
حدیث
١٨: حضور نبی اکرم نور مجسم صلی اللہ علیہ وسلم افطار کے وقت یہ دُعا پڑھتے۔
ا للھم لک صمت و علی رزقک ا فطرت  (ابوداؤد و ترمذی)
حدیث١٩:حضرت سیدنا زید بن خالد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرمایا کہ جو روزہ دار کا روزہ افطار کرائے یا غازی کا سامان کر دے تو اسے بھی اتنا ہی اجرملے گا۔( نسائی و ابن خزیمہ)
حدیث
٢٠: حضرت سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں جس نے حلال کھانے یا پانی سے روزہ افطار کرایا' فرشتے ماہِ رمضان کے اوقات میں اس کیلئے استغفار کرتے ہیں اور جبریل علیہ السلام شب قدر میں اس کیلئے استغفار کرتے ہیں۔ ایک اور روایت میں ہے جو حلال کمائی سے رمضان میں روزہ افطار کرائے ' رمضان کی تمام راتوں میں فرشتے اس پر درود بھیجتے ہیں اور شب قدر میں جبرائیل علیہ السلام اس سے مصافحہ کرتے ہیں اور ایک روایت میں ہے جو روزہ دار کو پانی پلائے گا ' اللہ تعالیٰ اُسے میرے حوض سے پانی پلائے گا کہ جنت میں داخل ہونے تک پیا سا نہ ہو گا۔( طبرانی کبیر)
حدیث ٢١: حضرت سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم نور مجسم شفیع معظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں ''ہمیشہ لوگ خیر کے ساتھ رہیں گے جب تک افطار میں جلدی کریں گے''۔
    جب افطاری کا وقت ہو جائے تو بلاتاخیر کھجور یا پانی وغیرہ سے روزہ کھول لیں تا کہ افطار میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہواور روزہ کھول کر دعا بھی مانگیں۔
حدیث ٢٢:حضور نبی اکرم نور مجسم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا ارشاد ہے ''میری اُمت میری سنت پر رہے گی جب تک افطار میں ستاروں کا انتظار نہ کرے''۔(احسان بترتیب صحیحابن حبان جلد٥، ص ٢٠٩)
حدیث ٢٣:حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم فرماتے ہیں اللہ عزوجل نے فرمایا ''میرے بندوں میں مجھے زیادہ پیارا وہ ہے جو افطار میں جلدی کرتا ہے''۔ (ترمذی جلد٢، ص ١٦٤)
حدیث
٢٤:حضرت سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو کبھی اس طرح نہیں دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے افطار سے پہلے نماز مغرب ادا فرمائی ہو' چاہے ایک گھونٹ پانی ہی تھا (آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اس سے افطار فرماتے) ۔ (الترغیب والترہیب جلد٢، ص ٩١)
حدیث
٢٥:حضرت سیدنا زین بن خالد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ تاجدار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا: جس نے کسی غازی یا حاجی کوسامان (زاد راہ) دیا یا اس کے پیچھے اس کے گھر والوں کی دیکھ بھال کی یا کسی روزہ دار کا روزہ افطار کروایا تو اسے بھی انہی کی مثل اجر ملے گا بغیر اس کے کہ ان کے اجر میں کچھ کمی ہو۔ (الکبریٰ للشافی جلد ٢، ص ٢٠٦)

 
افطار کروانے کی عظیم الشان فضیلت:
حدیث ٢٦:حضرت سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورنبی اکرم نورمجسم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا فرمان روح پرور ہے ''جس نے حلا ل کھانے یا پانی سے (کسی مسلمان کو) روزہ افطار کروایا' فرشتے ماہ رمضان کے اوقات میں اس کیلئے استغفار کرتے ہیں اور جبریل علیہ الصلوٰۃ والسلام شب قدر میں اُس کیلئے استغفار کرتے ہیں۔ (طبرانی المعجم الکبیر جلد٦، ص ٢٦٢)
افطار کے وقت دعا قبول ہوتی ہے:
روزہ دار کتنا خوش نصیب ہے کہ ہر وقت اللہ عزوجل کی رضا حاصل کرتا ہے۔ یہاں تک کہ افطار کے وقت وہ جو بھی دعا مانگتا ہے اللہ عزوجل اُسے اپنے فضل وکرم سے قبول فرماتا ہے۔
حدیث ٢٧:حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمر و بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم نورمجسم شفیع معظم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا فرمان دلنشین ہے کہ'' بے شک روزہ دار کیلئے افطار کے وقت ایک ایسی دعا ہوتی ہے جو رد نہیں کی جاتی۔ 
(الترغیب والترہیب جلد٢، ص ٥٣)           
                                                   باقی آئندہ انشاء اللہ تعالیٰ  

1 comments:

xerkfaenza said...

Columbia Titanium Boots - TITanium - Tioga-Art
Columbia is a modern-day T-shirt titanium nitride coating service near me design. This timeless design created graphite titanium babyliss pro a titanium cost unique impression ffxiv titanium nugget on a modern-day citizen promaster titanium T-shirt.

Post a Comment

Blogger Widgets
Blogger Widgets